آدھی سے زیادہ بیوروکریسی بیرون ملک میں پراپرٹی لے چکی ہے، خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں جائیدادیں خرید چکی اور شہریت کی تیاری میں ہے۔

اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی نے پرتگال میں پراپرٹی خرید لی ہے اور اب وہ پرتگال کی شہریت حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

latest urdu news

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ جن افسران نے بیرون ملک جائیدادیں خریدی ہیں، وہ کوئی عام لوگ نہیں بلکہ ملک کے اعلیٰ اور نامور بیوروکریٹس ہیں۔

انہوں نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ "مگرمچھ” اربوں روپے ہڑپ کر چکے ہیں اور اب ریٹائرمنٹ کی پرآسائش زندگی گزار رہے ہیں۔ انکشاف کیا گیا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ایک قریبی بیوروکریٹ نے صرف بیٹیوں کی شادی میں سلامی کے نام پر چار ارب روپے حاصل کیے، جو ایک ناقابلِ یقین دعویٰ ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اصل کرپشن کا گڑھ سیاستدان نہیں بلکہ بیوروکریسی ہے، کیونکہ سیاستدانوں کو نہ بیرون ملک شہریت لینے کی گنجائش ہوتی ہے اور نہ ہی غیر ملکی جائیدادیں رکھنے کی سہولت، کیوں کہ انہیں انتخابات میں حصہ لینا ہوتا ہے، جہاں ہر چیز ظاہر کرنا پڑتی ہے۔ اس کے برعکس بیوروکریٹس بڑے سکون سے اپنا سب کچھ بچا کر بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان کے اختتام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین کو آج کی بیوروکریسی نے ناپاک کر دیا ہے، اور اگر یہ رجحان نہ رکا تو ملک کی بنیادیں کھوکھلی ہو جائیں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter