خیبرپختونخوا حکومت کے بعض عناصر طالبان کو بھتہ دیتے ہیں، خواجہ آصف کا دعویٰ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت میں شامل کچھ افراد افغان طالبان کو بھتہ دیتے ہیں، جبکہ افغان طالبان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دونوں قابلِ اعتماد نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر بھارت کے ساتھ بھی روابط رکھتے ہیں، جو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک صورتحال ہے۔

latest urdu news

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، جسے طاقت کے بجائے سیاسی طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے یا صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کے حق میں نہیں ہیں، کیونکہ ماضی میں سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کے تجربات ناکام ثابت ہو چکے ہیں اور اس سے مسائل مزید پیچیدہ ہوئے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت اگر دوبارہ پاکستان کے خلاف جارحیت کرتا ہے تو پاکستان ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق مئی 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے اپنے دفاعی اور عسکری صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر کے یہ ثابت کر دیا تھا کہ وہ دشمن کو مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مئی 2025 کے تنازع کے بعد نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ میں اضافہ ہوا بلکہ پاکستانی دفاعی سازوسامان، خصوصاً جنگی طیاروں کی صلاحیتیں بھی عملی طور پر ثابت ہو گئیں۔ اسی کامیابی کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف ممالک سے دفاعی آلات کے آرڈرز موصول ہو رہے ہیں، اور اگر یہ معاہدے مکمل ہو گئے تو امکان ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ضرورت نہ پڑے۔

دفاعی سازوسامان کے بڑے آرڈرز، چھ ماہ میں آئی ایم ایف سے نجات ممکن ہے: خواجہ آصف

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کا ردعمل پوری دنیا نے دیکھا، اور اگر بھارت نے آئندہ بھی کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے اسی طرز کا جواب دیا جائے گا۔ ان کے بقول مئی 2025 کے بعد بھارتی قیادت کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر امریکا واقعی انسانیت کا حامی ہے تو اسے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو گرفتار کر کے کسی عدالت میں پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دعا ہے کہ ترکیہ نیتن یاہو کو گرفتار کر کے مظلوموں کا حساب برابر کرے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter