قازقستان کے اعلیٰ تجارتی وفد نے میری ٹائم سیکٹر میں بزنس کے فروغ کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا دورہ کیا۔
کراچی: قازقستان کا ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے دورے پر پہنچا، جہاں انہوں نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں کاروباری مواقع کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون پر دلچسپی ظاہر کی۔
قازقستان کے 9 رکنی وفد کا تعلق قازق ریلویز اور وزارت ٹرانسپورٹ سے ہے، جو سات روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہے۔ وفد نے کے پی ٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں بندرگاہ کے انفرااسٹرکچر، آپریشنل صلاحیتوں اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران قازق وفد نے کے پی ٹی کے مختلف پرائیویٹ ٹرمینلز کا بھی مشاہدہ کیا اور بندرگاہ کی روزمرہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وفد نے خاص طور پر "میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ” منصوبے میں گہری دلچسپی لی، جو مستقبل میں خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
فریقین کے درمیان پورٹ کنیکٹیویٹی، لاجسٹکس، اور تجارتی روابط کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ قازق وفد نے کراچی پورٹ کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ کاروباری اقدامات کی خواہش کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و لاجسٹک تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو خطے میں اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔