قصور میں ٹریفک حادثہ، دو بچے جاں بحق، 10 افراد زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دیپالپور روڈ پر رکشہ اور ڈمپر میں تصادم، دو بچے موقع پر جاں بحق، 10 زخمی، ریسکیو ٹیموں نے متاثرین کو اسپتال منتقل کر دیا

قصور: پنجاب کے ضلع قصور میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ قصور دیپالپور روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب ایک مسافر رکشہ مخالف سمت سے آنے والے بھاری ڈمپر سے ٹکرا گیا۔

latest urdu news

ریسکیو ذرائع کے مطابق، ڈمپر میں بورنگ کا سامان لوڈ تھا جو تیز رفتاری کے باعث قابو سے باہر ہو کر رکشے سے جا ٹکرایا۔ شدید تصادم کے نتیجے میں رکشے میں سوار دو بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دیگر دس افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوراً شروع کر دی گئیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق بچوں کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

مقامی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ڈمپر ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دیپالپور روڈ پر اس سے قبل بھی متعدد حادثات ہو چکے ہیں، جن میں تیز رفتاری اور بھاری گاڑیوں کا غیر محتاط اندازِ ڈرائیونگ مرکزی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک پر ٹریفک کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter