کراچی کا سیف سٹی سسٹم بھی غیر محفوظ بلاول ہاؤس چورنگی سے قیمتی آلات چوری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہرِ قائد میں جرائم کی روک تھام کے لیے نصب سیف سٹی سسٹم خود چوروں کے نشانے پر آگیا۔

ڈی جی سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب کیمروں کے لیے لگایا گیا ڈسٹری بیوشن بکس نامعلوم افراد چوری کرکے لے گئے، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

latest urdu news

انہوں نے بتایا کہ بکس چوری ہونے کے باعث متعلقہ کیمرے بند ہوگئے، جنہیں مزید نقصان سے بچانے کے لیے کھمبوں سے اتار کر محفوظ کرلیا گیا ہے۔

ڈی جی آصف اعجاز شیخ کے مطابق سیف سٹی پروجیکٹ کے آلات کے تحفظ کے لیے پہلے ہی ڈسٹرکٹ پولیس کو ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم اس واقعے نے سسٹم کی سیکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی آلات کی چوری تشویشناک معاملہ ہے، جس سے شہر کے سکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم پر اثر پڑ سکتا ہے۔ پولیس کو واقعے کی تحقیقات اور آئندہ کے لیے مزید مؤثر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، سیف سٹی منصوبے کے تحت کراچی میں ہزاروں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، مگر آلات کی چوری اور تکنیکی خرابیوں کے باعث کئی مقامات پر کیمرے غیر فعال ہو چکے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter