سندھ کابینہ نے شہر میں رینجرز کی تعیناتی کی مدت ایک سال مزید بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق نئی مدت نو دسمبر 2025 سے مؤثر ہوگی، اور رینجرز انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پولیس کی معاونت جاری رکھے گی۔
اجلاس میں 27 نکات پر غور کیا گیا جن میں اہم ترقیاتی منصوبے بھی شامل تھے۔ اسلام کوٹ سے تھر کول اور بن قاسم سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ بھی زیر بحث آیا۔ اکتوبر 2025 میں سندھ حکومت اور وزارت ریلویز کے درمیان ایم او یو ہوا تھا، جس کے تحت تھر کول سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر اور بن قاسم سے پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر ڈبل ٹریک ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت 75 ارب روپے تھی، جبکہ اب کل لاگت 90 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ حکومت اور وزارت ریلویز برابر کی شراکت داری کریں گے، اور سندھ حکومت نے پہلے ہی 26.86 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔
کابینہ اجلاس میں سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے حوالے سے بھی بات ہوئی، جو ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع ہوا تھا اور جس میں 3 ارب روپے کا فراڈ سامنے آیا۔ کابینہ نے اس معاملے میں متعلقہ کنٹریکٹنگ فرم کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی۔
