کراچی میں مویشی منڈی ڈیوٹی سے غیر حاضری، 11 پولیس اہلکار برطرف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں مویشی منڈیوں میں سیکیورٹی ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری پر پولیس حکام نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 11 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں تعینات نفری کی حاضری یقینی بنانا ہے۔

latest urdu news

حکام کے مطابق برطرف کیے گئے 11 اہلکاروں میں سے دو کا تعلق پولیس ہیڈ کوارٹرز ویسٹ زون سے ہے، جب کہ باقی 9 اہلکار ڈسٹرکٹ سینٹرل انویسٹی گیشن یونٹس میں تعینات تھے، جن میں نیو کراچی، گلبرگ، شارع نور جہاں اور لیاقت آباد تھانوں کے اہلکار شامل ہیں۔

حکم نامے میں تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی حدود میں مویشی منڈیوں پر تعینات اہلکاروں کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی اہلکار کی ڈیوٹی سے غیر حاضری کی صورت میں دس ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ تین غیر حاضریوں پر ملازمت سے برطرفی کی سزا دی جائے گی۔ اس ضمن میں کسی بھی اہلکار کو رعایت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہر میں سیکیورٹی اور ٹریفک کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے بھرپور نفری تعینات کی گئی ہے، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter