کراچی: پاک کالونی مقابلے میں ہلاک تین ڈاکو 35 سے زائد مقدمات میں مطلوب نکلے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک کالونی پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے تین ڈاکو متعدد سنگین جرائم میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان ڈکیتی کے 35 سے زائد مقدمات میں نامزد تھے۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پاک کالونی تھانے کے علاقے جہان آباد میں ایم سی کٹ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین ملزمان حنیف، گلاب اور سلیمان ہلاک ہو گئے۔

ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ نے بتایا کہ ہلاک ملزمان کے قبضے سے تین پستول، گولیاں اور موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور یہ گروہ شہر بھر میں بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان واردات سے قبل ریکی کے لیے اپنے ایک ساتھی کو بینک کے اندر بھیجتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جس میں ہلاک ملزم گلاب کو بینک کے اندر دیکھا جا سکتا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے حال ہی میں ماڑی پور کے ایک نجی بینک کے باہر شہری سے ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹے تھے۔ ہلاک ملزم گلاب شہریوں کی ریکی کرتا تھا، جبکہ حنیف بلوچ لیاری گینگ وار کا سرگرم اور اہم کارندہ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈکیت گروہ لیاری گینگ سے منسلک تھا اور شاپ رابری، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور پولیس پر فائرنگ جیسے سنگین مقدمات میں بھی ملوث رہا ہے۔ ہلاک ملزمان کے مزید جرائم کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter