شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائیوں کے حیران کن اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی میں مجموعی طور پر 93 ہزار سے زائد ای چالانز جاری کیے گئے، جن پر کروڑوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی تھیں، جس پر 57 ہزار 541 ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی اور 57 کروڑ 54 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
موٹر سائیکل سواروں کی خلاف ورزی بھی نمایاں رہی، جن میں سے 22 ہزار 262 موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کے بغیر پکڑے گئے اور ان پر 11 کروڑ 11 لاکھ 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل کو 28 سال قبل چوری ہونے والی کار کا 10 ہزار روپے کا ای چالان جاری
مزید برآں، ڈمپر، ٹریلر اور واٹر ٹینکرز میں نصب ٹریکر سسٹم کے ذریعے تیز رفتاری کی نشاندہی پر 1,188 چالان جاری کیے گئے۔ عام ڈرائیوروں کی تیز رفتاری پر 2,699 اور سگنل توڑنے پر 3,102 چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں کیونکہ ان کی خلاف ورزی نہ صرف حادثات کا سبب بنتی ہے بلکہ شہر کے ٹریفک نظام کو بھی متاثر کرتی ہے۔
