کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری کیے جانے والے ای چالان کے تازہ اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق شہر میں اب تک مجموعی طور پر 61 ہزار 850 سے زائد ای چالان کیے جاچکے ہیں۔ یہ سسٹم ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور شہریوں میں قانون کی پابندی کا رجحان بڑھانے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق 589 سرکاری گاڑیوں کا ای چالان کیا گیا ہے جبکہ سندھ پولیس کی 118 موبائل اور دیگر گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ 964 ہیوی گاڑیوں کو مختلف خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے گئے۔
شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 11 ہزار کے قریب چالان کیے گئے۔ سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر سامنے آئے، جن کی تعداد 41 ہزار 431 تک پہنچ گئی۔
ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں سگنل توڑنے کے واقعات بھی شامل ہیں، جن پر اب تک 2 ہزار 200 چالان کیے جاچکے ہیں۔ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر بھی 1 ہزار 447 ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اسی طرح سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی مہم جاری رہی اور اس سلسلے میں 795 ای چالان جاری کیے گئے۔ حکام کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ای چالان سسٹم مزید فعال اور مؤثر بنایا جارہا ہے۔
