کراچی: شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم ہونے کے بجائے روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ ناظم آباد نمبر 1 میں ایک نوجوان کی نئی اور قیمتی موٹرسائیکل اسلحے کے زور پر چھین لی گئی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ نوجوان جیسے ہی اپنے گھر کے قریب پہنچتا ہے، پیچھے سے آنے والے موٹرسائیکل سوار دو مسلح افراد اسے روک کر اسلحہ دکھاتے ہیں اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔ واردات چند لمحوں میں انجام پاتی ہے اور ملزمان آرام سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
یہ واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں الفلاح سوسائٹی میں پیش آنے والی ایک اور ڈکیتی کی یاد دلاتا ہے، جہاں ایک موٹرسائیکل سوار ڈاکو نے دن دہاڑے خاتون سے سونے کی انگوٹھی چھین لی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو میں بھی ڈاکو کو خاتون اور ایک نوجوان کو اسلحے کے زور پر دھمکاتے دیکھا گیا تھا۔
شہریوں نے پولیس کی ناکامی پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس پیٹرولنگ بڑھائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔