کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے افغان شہریوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے کے الزام میں نادرا کے دو افسران سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، نادرا کے چوکیدار جنید احمد اور محمد عمر شاہ شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔ کارروائی کے دوران متعلقہ ریکارڈ اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد میں ملزمان کے مبینہ طور پر دہشت گرد عناصر سے روابط کی بھی نشاندہی ہوئی ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
غیرقانونی افغان شہریوں کے خلاف 11 جولائی سے ملک گیر کارروائی کا فیصلہ، وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن جاری
دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ گرفتار گروہ مبینہ طور پر افغان شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرانے میں ملوث تھا، جبکہ تحقیقات میں ان کے بعض روابط حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے بھی سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تمام الزامات ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر ہیں، جن کا حتمی تعین عدالت میں شواہد اور قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔
