مون سون کا طاقتور اسپیل؛ کراچی میں آج سے بارشوں کا آغاز متوقع، اربن فلڈنگ کا خدشہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت کراچی میں آج شام یا رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم اس وقت بھارت کے جنوب مغربی راجستھان اور ملحقہ سندھ پر موجود ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں مون سون ہوائیں مسلسل اثر انداز ہو رہی ہیں۔

latest urdu news

کراچی میں آج شام سے درمیانی اور موسلادھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ منگل کے روز شدید بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

اس دوران میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں اور شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں 15 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے 85 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

شدید بارشوں سے گجرات میں ناگہانی صورتحال، پنجاب کے 25 اضلاع متاثر، ڈی جی پی ڈی ایم اے

کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع، بشمول عمرکوٹ، سانگھڑ، تھرپارکر، اسلام کوٹ، نگرپارکر، چھاچھرو، مٹھی، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter