شہر قائد کے علاقے مومن آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک تین منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، اب تک 4 زخمیوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے میڈیا کو بتایا کہ عمارت گرنے سے پہلے دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے اور آگ کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہوا۔ حکام کے مطابق عمارت میں ایک سیاسی جماعت کا دفتر بھی قائم تھا۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ عمارت میں دراڑیں پڑ چکی تھیں اور گزشتہ رات سے عجیب آوازیں سنائی دے رہی تھیں، تاہم کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ متاثرہ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور مزید امدادی ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے ساتھ رہیں۔