کراچی کے علاقے کلفٹن میں انویسٹی گیشن پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران کروڑ پتی ماسی شہناز کی ایک اور قیمتی گاڑی برآمد کر لی ہے۔ یہ گاڑی ملزمہ کے بیٹے کی نشاندہی پر ملی، جسے اندازاً 25 سے 30 لاکھ روپے میں خریدا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق شہناز ماسی کے خلاف جاری تحقیقات میں اب تک تین قیمتی گاڑیاں برآمد کی جا چکی ہیں۔ ملزمہ کو چند روز قبل ڈیفنس کے ایک گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں وہ بطور گھریلو ملازمہ چودہ سال سے کام کر رہی تھی۔ اس دوران اس پر الزام ہے کہ اس نے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے مالیت کی چوری کی۔
تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شہناز ماسی نے چوری کی گئی رقم سے گاڑیاں، جائیدادیں اور دیگر قیمتی اشیاء خریدیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے بیٹے کی جانب سے مزید جائیدادوں سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہناز اور اس کا بیٹا مبینہ طور پر طویل عرصے سے منظم طریقے سے یہ سرگرمیاں انجام دے رہے تھے، اور ان کے خلاف مزید شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔