میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں پانی کی نکاسی میں تاخیر سمندر کی بلند سطح کی وجہ سے ہو رہی ہے، ممکن ہے سمندر پانی نہ لے، شہری صبر کا مظاہرہ کریں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ 8 سے 10 ستمبر کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، اس کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں، بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور نشیبی علاقوں میں مشینری اور عملہ تعینات ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی کی گئی ہے، اورنگی، محمود آباد اور گجر نالے سمیت 43 بڑے نالوں پر کام مکمل کیا گیا ہے، تاہم سمندر کی ہائی ٹائیڈ کے سبب پانی واپس نہیں جا رہا، جو نکاسی میں بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں پھنسے ہوئے شہریوں کو پانی اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس اور سٹی وارڈنز بھی متحرک ہیں تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
میئر نے اپیل کی کہ شہری بارش میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور دو سے ڈھائی گھنٹے صبر کریں، اس دوران پانی کی نکاسی ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 40 ملی میٹر سے زیادہ بارش کی صورت میں نالوں کی گنجائش کم پڑ جاتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے سیاسی مخالفین پر بھی تنقید کی، کہا کہ اب مسائل کا بہانہ نہیں چلے گا، نیت اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں پر بھی تنقیدی نشتر چلائے اور کہا کہ عوام کے مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
مزید کہا کہ وفاقی ادارے، خاص طور پر پی آئی ڈی سی ایل، مقامی حکومت سے مشاورت اور اجازت کے بغیر کام نہ کریں۔ “کراچی کی ترقی میں ہم سب کا حصہ ہے، لیکن قانون اور طریقہ کار کی پاسداری ضروری ہے۔”
میئر کراچی نے امید ظاہر کی کہ شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ بارش کے دوران پیدا ہونے والی مشکلات پر جلد قابو پایا جا سکے۔