کراچی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں کام کرنے والی خواتین کے ذریعے چوری کی وارداتیں کرنے والے "ماسی گینگ” کے سرغنے عمران ولد عباس علی کو گرفتار کرلیا۔ انٹرپول کی مدد سے سعودی عرب سے گرفتار ہونے والے ملزم کو اتوار کے روز پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔
ڈی ایس پی انویسٹی گیشن بن قاسم شاہنواز میمن کے مطابق ملزم عمران کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کام کرنے والی خواتین (ماسیاں) کو ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرتا تھا، جو گھروں میں نوکری کے بہانے گھس کر سونا اور نقدی چوری کرتی تھیں۔
ملزم عمران چوری کے پیسوں سے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا جہاں اسے سعودی قوانین کے تحت 9 ماہ قید کی سزا بھی ہوئی۔ انٹرپول نے ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد اسے گرفتار کر کے واپس پاکستان بھیجا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی دو ساتھی خواتین — شاہدہ اور گلاب زادی — پہلے ہی گرفتار ہو چکی ہیں، جو کراچی کے علاقوں درخشاں اور اسٹیل ٹاؤن میں وارداتوں میں ملوث رہی ہیں۔ ان خواتین نے ایک معروف سیاسی رہنما سعدیہ جاوید کے گھر سے بھی چوری کی تھی۔
رجب بٹ کے خلاف تین انکوائریاں، انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا امکان: این سی سی آئی اے
مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے خلاف پنجاب میں بھی کئی مقدمات درج ہیں اور وہ پنجاب پولیس کو بھی مطلوب ہے۔ پولیس نے ملزم کو ملیر کورٹ میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔