کراچی: لیاری میں ٹیڑھی ہونے والی 7 منزلہ عمارت سیل، بلڈر کے خلاف مقدمہ درج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے علاقے لیاری، آگرہ تاج کالونی میں خطرناک حد تک جھک جانے والی سات منزلہ رہائشی عمارت کے معاملے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بلڈر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ عمارت کو سیل کر کے اس میں رہائش مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، کلری تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر میں بلڈر منصور شاہ اور ایک نامعلوم ٹھیکیدار کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں نے غیر قانونی طور پر عمارت تعمیر کی، جس میں ناقص تعمیراتی مواد استعمال ہوا۔ رپورٹ کے مطابق عمارت کی موجودہ حالت انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس کے باعث اسے ناقابلِ رہائش قرار دے دیا گیا ہے۔

latest urdu news

ضلعی انتظامیہ نے فوری حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے عمارت کی پانی کی ٹنکی خالی کروا دی، بجلی کے کنکشن منقطع کیے، اور پوری عمارت کو سیل کر دیا تاکہ کسی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔ اس سے قبل پولیس نے رہائشیوں سے مذاکرات کے بعد عمارت خالی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: لیاری میں عمارت گرنے کا سانحہ: ریسکیو آپریشن مکمل، 27 افراد جاں بحق

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے فلیٹس لاکھوں روپے ادا کر کے خریدے تھے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر عمارت میں کوئی تکنیکی خامی تھی، تو متعلقہ اداروں کو بروقت جانچ پڑتال کرنی چاہیے تھی۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں متبادل رہائش فراہم کی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ واقعہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور ناقص بلڈنگ مانیٹرنگ نظام پر ایک بار پھر سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے۔ شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس نوعیت کی عمارتوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں انسانی جانوں کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter