کراچی میں زلزلوں کی لہر، رواں ماہ 57 جھٹکے ریکارڈ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے انکشاف کیا ہے کہ جون کے آغاز سے اب تک کراچی میں 57 زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لانڈھی فالٹ لائن کی سرگرمی باعث بنی، پیش گوئی ممکن نہیں

کراچی: شہرِ قائد میں زلزلوں کی غیر معمولی سرگرمی کے حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے اہم انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں یکم جون سے اب تک مجموعی طور پر 57 زلزلوں کے جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

latest urdu news

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ان زلزلوں کی بنیادی وجہ لانڈھی فالٹ لائن کی متحرک صورتِ حال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین کی اندرونی پرتوں میں مسلسل حرکت ہو رہی ہے، جس کے سبب یہ جھٹکے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کا تسلسل کب تک جاری رہے گا، اس بارے میں کسی قسم کی پیش گوئی کرنا ممکن نہیں۔

گزشتہ رات بھی کراچی کے شہریوں نے رات 3 بجے کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.0 ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں میں خوف و ہراس کی کیفیت دیکھنے میں آئی، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ماہرینِ ارضیات کے مطابق لانڈھی فالٹ لائن کراچی کے زیرِ زمین موجود فالٹ سسٹمز میں سے ایک اہم اور حساس زون ہے، جو مستقبل میں کسی بڑی زلزلہ خیزی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ شہریوں کو ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے محتاط رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی ماضی میں نسبتاً زلزلہ محفوظ شہر تصور کیا جاتا رہا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں فالٹ لائنز کی بیداری کے باعث ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ زلزلوں کی تعداد میں یہ اضافہ خطرے کی ایک وارننگ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter