شادی کے دن پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا دلہا جہانزیب بالآخر پانچ دن بعد کورنگی نمبر 4، مدینہ کالونی میں واقع اپنے گھر واپس پہنچ گیا ہے۔ اس کی اچانک واپسی سے جہاں اہلِ خانہ نے سکھ کا سانس لیا، وہیں کئی سوالات نے بھی جنم لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ جہانزیب 11 ستمبر کو اپنی شادی کے روز قریبی سیلون سے تیار ہونے گیا تھا مگر واپس نہ آیا۔ اہلِ خانہ نے فوری طور پر پولیس کو اس کی گمشدگی کی اطلاع دی، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور سوشل میڈیا پر معاملہ وائرل ہو گیا۔
پانچ دن بعد دلہا کی اچانک واپسی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جہانزیب سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، تاہم اب تک کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق، جہانزیب اس وقت بات کرنے کی حالت میں نہیں ہے۔ اس کی ذہنی اور جسمانی حالت انتہائی کمزور ہے، اسی لیے فی الحال کوئی تفصیل فراہم نہیں کی جا سکتی۔
کراچی: شادی کی خوشیاں لڑائی میں بدل گئیں، دلہا دلہن کے رشتے دار گتھم گتھا، پولیس اہلکار بھی زخمی
واقعے کی نوعیت پراسرار ہونے کے باعث پولیس مختلف پہلوؤں پر غور کر رہی ہے، جب کہ اہلِ علاقہ بھی دلہا کی گمشدگی اور واپسی کے پس منظر کے حوالے سے جاننے کے منتظر ہیں۔