کراچی میں سائبر جرائم کی تحقیقات کرنے والے ادارے نے ڈیفنس کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی کال سینٹر پکڑ لیا اور چار ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
حکام کے مطابق ڈیفنس فیز ٹو ایکسٹینشن میں واقع ایک عمارت پر چھاپہ مارا گیا جہاں ایک منظم انداز میں جعلی کال سینٹر چلایا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ وہاں موجود افراد غیر ملکی بینکوں کے نمائندے بن کر بیرون ملک شہریوں کو فون کرتے اور انہیں دھوکا دیتے تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جعلی نمبروں کے ذریعے کال کر کے لوگوں سے حساس بینکاری معلومات حاصل کرتے تھے جن میں سوشل سکیورٹی نمبر، فون نمبر، تاریخ پیدائش اور بینک کارڈ کے خفیہ کوڈ شامل ہیں۔ بعد میں اس معلومات کو غیر قانونی مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
کراچی میں جعلی کال سینٹر کا بھانڈا پھوٹ گیا
چھاپے کے دوران چودہ لیپ ٹاپ، دس موبائل فون اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا بینکاری ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ دھوکا دہی کے لیے استعمال ہونے والے مختلف ڈیجیٹل آلات اور سافٹ ویئر بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام شواہد گواہوں کی موجودگی میں تحویل میں لے لیے گئے ہیں اور پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ چار افراد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش جاری ہے۔ باقی ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
