قلات حملہ، مودی حکومت کا بھیانک چہرہ ہے، گورنر سندھ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قلات واقعے کو بھارتی سازش قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو دہشتگردی کا اصل چہرہ قرار دیا اور اعلان کیا کہ پاکستان اس ظلم کا منہ توڑ جواب دے گا۔

گورنر سندھ نے مارٹن کوارٹرز میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے تین قوالوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سانحہ قلات کو گہری اور سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافر بس پر فائرنگ کا مقصد پاکستانی قوم میں تفرقہ ڈالنا اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ بند حملے کے پیچھے بھارتی خفیہ ہاتھ کارفرما ہیں، اور اس سازش کو انہوں نے ’’فتنۂ ہند‘‘ کا تسلسل قرار دیا۔

latest urdu news

کامران ٹیسوری نے نریندر مودی کو دہشتگردی کا ’’بھیانک چہرہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پہلے بھی جواب دیا گیا تھا اور اب بھی دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق قوالوں کا خاندان خوشیاں بانٹنے والا خاندان تھا، جنہیں نشانہ بنا کر بلوچ اور پنجابی قوموں کے درمیان نفرت پھیلانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔

گورنر سندھ نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے اور عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ "اب وقت آ گیا ہے کہ قتل کا بدلہ قتل سے دیا جائے، اگر دہشتگرد باز نہ آئے تو ان کی پناہ گاہوں میں گھس کر مارا جائے گا۔”

قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے واقعے پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا اور زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے پر زور دیا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی شکست کا بدلہ کراچی سمیت پاکستانی عوام سے لے رہا ہے، لیکن اس کے باوجود 14 اگست بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان متحد اور مضبوط ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل قلات میں ایک مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تین قوال جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس واقعے کو بلوچستان میں بین الصوبائی منافرت پیدا کرنے کی ایک گہری کوشش سمجھا جا رہا ہے، اور حکومت پاکستان نے حملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter