5
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) پاکستان نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سینیٹر احمد خان کو جماعت سے نکال دیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق سینیٹر احمد خان نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔ اس اقدام پر مرکزی قیادت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں جماعت سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مولانا عطاالرحمٰن اور صوبائی امیر بلوچستان سینیٹر مولانا عبد الواسع کی سفارش پر کیا گیا۔
پارٹی کے اعلامیے میں سینیٹر احمد خان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوں، بصورتِ دیگر جمعیت علمائے اسلام پاکستان ان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرے گی۔
ترجمان کے مطابق پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ جے یو آئی آئینی اور جمہوری اصولوں پر سختی سے کاربند ہے۔
