اسلام آباد، وفاقی بجٹ 2025-26 کے بعد وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس اس وقت تناؤ کا شکار ہو گئی جب صحافیوں نے واک آؤٹ کرتے ہوئے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں نے ایف بی آر کی جانب سے بجٹ پر ٹیکنیکل بریفنگ نہ دیے جانے پر سخت احتجاج کیا۔ صحافیوں کا مؤقف تھا کہ ٹیکنیکل بریفنگ نہ دینا دراصل بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کی کوشش ہے، جو قابلِ قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ بجٹ کی تفصیلات اور ممکنہ اثرات کے بارے میں کھل کر وضاحت دے، نہ کہ خاموشی اختیار کرے۔
احتجاج کے طور پر صحافیوں نے وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ہال سے واک آؤٹ کیا۔ اس دوران ماحول کشیدہ ہو گیا اور اطلاعات کے مطابق سیکرٹری خزانہ نے صحافیوں کو منانے کی کوشش کی، تاہم صحافی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کا مقصد بجٹ کی تفصیلات پر روشنی ڈالنا اور میڈیا کے سوالات کا جواب دینا ہوتا ہے، تاہم ٹیکنیکل بریفنگ کے بغیر صحافیوں نے اسے ایک رسمی کارروائی قرار دیا۔ صحافی برادری کا کہنا ہے کہ بغیر تفصیلی وضاحت اور کھلے سوال و جواب کے ایسی کانفرنسیں بے مقصد ہیں۔