لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار بانی تحریک انصاف کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے اور ان کی رہائی کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزم کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا جائے۔
شاہ ریز خان کو 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات کے دوران جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں اس مقدمے میں شامل دیگر افراد کے ساتھ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامزد کیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری کو لے کر تحریک انصاف کے حلقوں میں خاصی تشویش پائی جاتی تھی۔
یاد رہے کہ شاہ ریز خان کی والدہ علیمہ خان متعدد بار میڈیا پر آ کر یہ مؤقف دے چکی ہیں کہ ان کے بیٹے کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مقدمے میں شواہد کی عدم موجودگی کے باوجود حراست میں رکھا گیا ہے۔