جناح ہاؤس حملہ کیس: عالیہ حمزہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے متعدد بار غیر حاضری پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے، ضامن کو شوکاز نوٹس بھی بھیج دیا گیا۔

latest urdu news

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، یہ حکم عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران سنایا۔ عدالت نے عالیہ حمزہ کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور ان کی حاضری سے معافی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق، عالیہ حمزہ مقدمے کی کم از کم چار سماعتوں سے غیر حاضر ہیں جس کے باعث سرکاری گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہیں ہو سکے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ان کی عدم موجودگی کیس کی کارروائی میں مسلسل رکاوٹ بن رہی ہے، لہٰذا قانون کے مطابق ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔

ساتھ ہی عدالت نے عالیہ حمزہ کے ضمانتی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ضمانتی مچلکوں کو بحقِ سرکار ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔ کیس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب، عدالت نے اسی کیس میں نامزد ایک اور ملزمہ خدیجہ شاہ کی ایک پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ہے۔

یاد رہے کہ9 مئی 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے، جن میں جناح ہاؤس حملہ بھی شامل تھا۔ اس کیس میں پی ٹی آئی کے 254 رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج ہیں، جن کی مکمل فہرست اور تفصیلات آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter