جعلی ریزیڈنٹ کارڈز پر یورپ جانے کی کوشش: جہلم کے چار بھائی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن حکام نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے یورپی ملک لتھوانیا جانے کی کوشش کرنے والے جہلم کے چار بھائیوں کو جعلی ریزیڈنٹ کارڈز پر سفر کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

latest urdu news

حکام کے مطابق، ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل، اور محمد علی نامی افراد باکو (آذربائیجان) جانے والی پرواز J2144 کے ذریعے لتھوانیا پہنچنے کا منصوبہ رکھتے تھے، تاہم امیگریشن چیکنگ کے دوران ان کے سفری دستاویزات مشکوک قرار دیے گئے۔

مزید تفتیش پر یہ انکشاف ہوا کہ ان کے پاس موجود لتھوانیا کے ریزیڈنٹ کارڈز جعلی تھے۔ اس پر ایف آئی اے نے تمام افراد کو پرواز سے آف لوڈ کر کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کے حوالے کر دیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران چاروں بھائیوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ایجنٹ کا اشتہار دیکھ کر رابطہ کیا تھا، جس نے انہیں جعلی ریزیڈنٹ کارڈ فراہم کیے۔ اس کام کے عوض انہوں نے ایجنٹ کو مختلف آن لائن ذرائع سے 8 ہزار یورو کی ادائیگی کی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو سوشل میڈیا پر جعلی اشتہارات کے ذریعے دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ ایسے ایجنٹس نہ صرف فراڈ کرتے ہیں بلکہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہوتے ہیں۔

شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے ہمیشہ مستند اور قانونی ذرائع سے رجوع کریں، ویزہ یا دستاویزات کے حصول کے لیے کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ شخص پر بھروسہ نہ کریں، اور اپنی ذاتی معلومات کو غیر محفوظ ہاتھوں میں نہ دیں۔

ایف آئی اے نے واضح کیا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے سفر کرنے کی کوشش نہ صرف جرم ہے بلکہ اس کے سنگین قانونی نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter