سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ انہوں نے بھی اڈیالہ جیل میں وقت گزارا ہے، مگر سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جس انداز میں جیل کاٹی، اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔
اڈیالہ روڈ پر داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اور جو پابندیاں آج ملک میں دیکھنے کو مل رہی ہیں، وہ ماضی میں صرف بادشاہتوں کے دور میں ہوتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں آئین، قانون، سیاست اور عدلیہ کی آزادی خطرے میں ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ سیاسی عمل کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ جو لوگ آج آئین و جمہوریت کی جدوجہد کر رہے ہیں، وہ دراصل ایک جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان کو پہلے یہ گارنٹی دی گئی تھی کہ صرف چار حلقے کھولے جائیں گے، جس کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔ "میں نے اس وقت بھی عمران خان کو سمجھایا تھا کہ اگر آپ اسمبلی پر چڑھائی کریں گے تو قوم سے دور ہو جائیں گے،” جاوید ہاشمی نے کہا۔
بانی پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا، علیمہ خان
انہوں نے مزید کہا کہ آج عمران خان کو اپنی سابقہ غلطیوں کا ادراک ہو رہا ہے، اسی لیے وہ بار بار اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ آخری سانس تک لڑیں گے۔
جاوید ہاشمی نے 9 مئی کے واقعات پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اگر عمران خان ان واقعات کے ذمہ دار نہیں ہیں، تو پھر اس معاملے کی آزادانہ انکوائری کے لیے کمیشن کیوں نہیں بنایا جاتا؟
انہوں نے زور دیا کہ ملک میں جمہوری عمل اور عدلیہ کی آزادی کو بچانے کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ کوششیں ہونی چاہییں، ورنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔