اسرائیلی فورسز کا غزہ جانے والے صمود فلوٹیلا پر حملہ، سابق سینیٹر مشتاق احمد گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسرائیلی فوج نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بین الاقوامی قافلے "گلوبل صمود فلوٹیلا” پر حملہ کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں پاکستان کے سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں، جو اس مشن میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔

latest urdu news

پاک فلسطین فورم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر ایک بیان میں مشتاق احمد کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ فورم کے مطابق مشتاق احمد خان جس کشتی پر سوار تھے، اس پر اسرائیلی فوج نے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں انہیں دیگر کارکنوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا۔

صمود فلوٹیلا کا مقصد غزہ کی محصور آبادی کے لیے انسانی امداد پہنچانا اور اسرائیلی ناکہ بندی کے خلاف عالمی توجہ مبذول کروانا ہے۔ قافلے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکن، سیاست دان، اور سماجی نمائندے شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق فلوٹیلا کے تمام جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ایک مبصر کشتی بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی۔ اس کشتی پر سوار پاکستانی مندوب سید عذیر نظامی نے حملے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مشتاق احمد خان کی کشتی پر براہ راست اسرائیلی کارروائی کی گئی۔

غزہ جانے والے امدادی قافلے سے اٹلی کی دستبرداری، فلوٹیلا کا دو ٹوک جواب

اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صمود فلوٹیلا کے کئی جہازوں کو "بحفاظت” روک دیا گیا ہے، اور ان کے مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ تاہم انسانی حقوق کے اداروں نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اسرائیل نے صمود فلوٹیلا پر حملہ کرتے ہوئے معروف سوئیڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ سمیت متعدد رضاکاروں کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے باوجود، فلوٹیلا کے 30 سے زائد جہاز اب بھی غزہ کی جانب رواں دواں ہیں اور مشن کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

صمود فلوٹیلا کی یہ تازہ کوشش عالمی برادری کی توجہ ایک بار پھر غزہ میں جاری انسانی بحران اور اسرائیلی محاصرے کی جانب مبذول کر رہی ہے، جسے اقوامِ متحدہ سمیت متعدد بین الاقوامی ادارے پہلے ہی ناقابلِ قبول قرار دے چکے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter