اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری عدالت میں پیشی کے بعد معطل، کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی
اسلام آباد: اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری، عدالت میں پیشی کے بعد معطل کر دیے گئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی، جس میں علی امین گنڈاپور خود عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت ان کے وکیل راجا ظہور الحسن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پشاور ہائیکورٹ پہلے ہی 3 جولائی تک ان کی ضمانت منظور کر چکی ہے، لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ موجودہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ معطل کیے جائیں۔ عدالت نے دریافت کیا کہ دفعہ 342 کے تحت سوالنامے کے جوابات کب تک جمع کرائے جائیں گے؟ جس پر علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پیش کیے جانے کے بعد وہ جواب عدالت میں داخل کرا دیں گے۔
عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور کیس کی آئندہ سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب کی برآمدگی کا مقدمہ درج ہے، جس میں وہ مفرور قرار دیے گئے تھے۔