اسلام آباد ایئرپورٹ پر موسلا دھار بارش کے باعث متعدد ملکی و غیر ملکی پروازوں میں شدید تاخیر، مسافروں کو پریشانی کا سامنا۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موسلادھار بارش کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 30 سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کی علی الصبح شروع ہونے والی تیز بارش نے رن وے کی صفائی، جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں دشواریاں پیدا کر دیں، جبکہ متعدد پروازوں کو عارضی طور پر ری شیڈول کر دیا گیا۔ متاثرہ پروازوں میں پی آئی اے، ایئر بلیو، سیرین ایئر اور دیگر نجی ایئر لائنز شامل ہیں۔
مسافروں نے شکایت کی ہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے بروقت معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث فلائٹ آپریشن میں مزید تعطل کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پنجاب کے کئی شہر شدید سیلاب کی لپیٹ میں، چکوال میں فلڈ ایمرجنسی نافذ، وزیراعظم کا ہنگامی اجلاس طلب
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید بارشوں کے باعث کئی پروازیں متاثر ہوئی تھیں، اور مسافروں کو گھنٹوں ایئرپورٹ پر انتظار کرنا پڑا تھا۔ ایوی ایشن حکام کو بروقت اقدامات نہ کرنے پر اس سے قبل بھی شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔