سعودی عرب سے تاریخی معاہدہ، دیگر ممالک بھی دفاعی معاہدے کے خواہش مند ہیں، اسحاق ڈار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ تاریخی ہے، یہ معاہدہ راتوں رات طے نہیں پایا بلکہ اس میں کئی ماہ لگے ہیں، دیگر ممالک بھی اس طرح کے معاہدے کا حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

latest urdu news

جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسٹرٹیجک باہمی دفاعی معاہدے سے دونوں ممالک بہت خوش ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون تو ہمیشہ سے موجود رہا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پابندیوں کے بعد سعودی عرب کی حمایت بڑی اہمیت کی حامل تھی اور جب آئی ایم ایف پروگرام کے لیے بھی حمایت کی ضرورت پیش آئی تو سعودی عرب نے بھرپور تعاون کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہر مسلمان حرمین شریفین سے گہری عقیدت رکھتا ہے اور اس پر قربان ہونے کے لیے تیار رہتا ہے۔

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں، بلکہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات بھائی چارے اور تعاون کی منفرد مثال ہیں جبکہ پاکستانی عوام کو سرزمینِ حرمین شریفین سے خاص عقیدت ہے۔

دو مزید ممالک بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کے لیے تیار، حامد میر کا انکشاف

1960 کی دہائی سے دفاعی تعاون پاکستان اور سعودی تعلقات کا بنیادی ستون رہا ہے۔ دفاعی معاہدہ خطے میں سلامتی، امن اور مضبوط دفاعی تعاون کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں سے کسی ایک پر ہونے والی جارحیت کو دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا جس سے باہمی اعتماد اور مشترکہ دفاعی عزم کی وسعت واضح ہوتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی تاریخی شراکت داری سعودی عرب، چین اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مزید مضبوط بنائے گا اور فلسطین و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔

دریں اثنا، مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر مبارکباد دی۔ انھوں نے اس معاہدے کو اعتماد اور تعاون کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter