اسلام آباد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، جہاں وہ پاک، چین اور افغانستان کے چھٹے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سہ فریقی مذاکرات میں انسداد دہشت گردی، تجارت، خطے کی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کابل میں قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ سہ فریقی مذاکرات کابل میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں افغانستان کے امن، سلامتی اور ترقی کے ساتھ ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی توسیع اور افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان آخری سہ فریقی اجلاس رواں سال 21 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہوا تھا، کابل مذاکرات کے بعد چینی وزیر خارجہ آج شام اسلام آباد پہنچیں گے اور کل (21 اگست) کو پاک۔چین سالانہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے۔