جو عمران خان نے اپوزیشن کے ساتھ کیا وہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہوا: عرفان صدیقی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اقتدار سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو وہ سلوک ہرگز نہیں دیکھنا پڑا جو ماضی میں عمران خان نے بطور حکومت اپوزیشن کے ساتھ روا رکھا۔ ان کے مطابق اب عمران خان نہ عوامی حمایت رکھتے ہیں اور نہ ہی کوئی موثر تحریک چلانے کی پوزیشن میں ہیں۔

latest urdu news

ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں عرفان صدیقی نے یاد دلایا کہ عمران خان زخمی ٹانگ کے باوجود اسلام آباد لانگ مارچ کی قیادت اس مقصد کے لیے کر رہے تھے کہ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف نہ بنایا جا سکے، لیکن عوام نے اُن کا ساتھ نہیں دیا۔

"جب وہ جیل سے باہر تھے اور مقبولیت عروج پر تھی، تب بھی کوئی بڑا معرکہ سر نہیں کیا، تو اب جیل کے اندر سے کیا کر لیں گے؟” عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نہ سیاسی جدوجہد کرنی پڑی، نہ کوئی قربانی دینی پڑی، بلکہ وہ "عسکری سرپرستی” میں اقتدار کے ایوانوں میں داخل ہوئے۔

"انہیں لاڈ پیار میں پالا گیا، اسی لیے خان صاحب کو ’لاڈلا‘ کہا جاتا تھا، عدالت میں ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھتے اور ’گڈ ٹو سی یو‘ کہہ کر خوش آمدید کہا جاتا، انہیں صداقت اور امانت کے سرٹیفکیٹ دیے گئے۔”

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اب جب انہیں مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا ہے، تو ان کی مایوسی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔

"پہلے فوجی افسران کو میر جعفر اور میر صادق کہتے تھے، اب فرعون اور یزید جیسے الفاظ استعمال ہو رہے ہیں۔ اگر پاؤں میں کانٹا چبھ جائے تو خود کو حسینیت کے مقام پر کھڑا کر دیتے ہیں اور دوسروں کو یزید بنا دیتے ہیں۔”

تحریک چلانے سے متعلق ایک سوال پر عرفان صدیقی نے کہا: "پی ٹی آئی 9 مئی کے بعد اپنی ساکھ اور عوامی حمایت کھو چکی ہے، اب کوئی بڑی تحریک چلانا یا موثر سیاسی اتحاد بنانا ان کے بس میں نہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور محمود خان اچکزئی اس حقیقت کا عملی تجربہ کر چکے ہیں۔

عرفان صدیقی نے عمران خان کے اس مطالبے پر تنقید کی کہ نوجوان جیلیں بھریں: "آپ نے کچھ کیا، اس لیے جیل میں ہیں، نوجوان اپنے مستقبل کو دائو پر لگا کر آپ کے گناہوں کی سزا کیوں بھگتیں؟”

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter