اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر وہ دل کی گہرائی سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اُن کے لیے دوسرا گھر ہے اور یہاں کے علما، عوام اور سیاسی قیادت سے ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مفید اور مثبت رہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے اپنی گفتگو کا آغاز قرآن پاک کی ایک آیت سے کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر میں مسلم ممالک کو متحد ہو کر عالمی چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخ ایک مضبوط رشتہ قائم کرتی ہے، اور علامہ اقبال کی شاعری ایرانی قوم کے دلوں میں بھی مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ خوشگوار اور قریبی تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، جس میں تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی اور ثقافت شامل ہیں۔
ایران کو پرامن جوہری توانائی کا حق حاصل ہے، وزیراعظم
ایرانی صدر نے اسرائیلی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خطے کو غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے، اور علاقائی امن و ترقی ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔