نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے معروف یوٹیوبر اقرا کنول کو سوشل میڈیا پر جوا کھیلنے والی ایپس کی تشہیر کے الزام میں نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ہے۔ اب تک ادارے کی جانب سے انہیں دو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔
اقرا کنول نے پیشی سے معذرت کرتے ہوئے اپنے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق کے ذریعے تحریری جواب جمع کروایا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ حاملہ ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں دو ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے، لہٰذا فی الحال پیش ہونا ممکن نہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئیں تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنی صفائی کے لیے کچھ نہیں، اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
آن لائن کمائی کا جھانسہ ،ایپلیکیشن پاکستانیوں کے 2.3 ارب روپے لے کر غائب
این سی سی آئی اے نے اقرا کنول کے علاوہ رجب بٹ اور محمد انس کو بھی اسی کیس میں 9 ستمبر کو طلب کیا ہے، جن پر جوا ایپس کی مبینہ تشہیر میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان میں آن لائن جوا بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، جس میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز کو قانونی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔