صدر کی مداخلت پر وزیرداخلہ کراچی پہنچ گئے، سندھ و پنجاب حکومتوں میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کراچی پہنچ گئے۔ ان کی یہ آمد دونوں صوبوں کے درمیان جاری تناؤ کو ختم کرنے کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

latest urdu news

کراچی پہنچنے پر محسن نقوی نے سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ان کے گھر پر ہوئی، جہاں محسن نقوی نے ضیاء الحسن لنجار کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ تعزیتی ملاقات کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر سیاسی معاملات پر بھی غیر رسمی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیرداخلہ کو فوری طور پر ٹیلی فون کیا اور سندھ و پنجاب حکومت کے مابین جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان سے کراچی آنے کی درخواست کی تھی۔

سندھ پر بہت معافیاں ادھار ہیں، مریم کس چیز کی معافی مانگیں؟عظمیٰ بخاری

اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی اس تناؤ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف زرداری ایک تجربہ کار اور بردبار سیاستدان ہیں، اور وہ دونوں جماعتوں کے درمیان صلح صفائی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کے بقول، اپوزیشن کو اس اختلاف پر قبل از وقت خوش ہونے کی ضرورت نہیں۔

اب تمام نگاہیں اس بات پر لگی ہیں کہ آیا صدر کی مداخلت اور وفاقی وزیرداخلہ کی موجودگی اس سیاسی گرما گرمی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو پاتی ہے یا نہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter