پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ملک میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مزید 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے (این ڈبلیو ڈی) میں 25 سے 27 اپریل کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 54 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کی تسلسل میں 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب حسن خیل، شمالی وزیرستان اور پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب ایک منظم کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مزید 17 دہشت گرد موت کے گھاٹ اتار دیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ یہ دہشت گرد غیر ملکی حمایت کے تحت سرگرم تھے اور انہیں کامیابی سے ٹھکانے لگایا گیا،ہلاک ہونیوالوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
تازہ ترین کارروائی کے بعد 3 روزہ انسدادِ دہشت گردی آپریشن میں ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے والی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔