اسلام آباد، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی خود مختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
چیئرمین پی پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ عالمی قانون پاکستان کو مکمل اختیار دیتا ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے۔
انہوں نے اس معاملے کو صرف دو ممالک کا مسئلہ قرار دینے کے بجائے عالمی مسئلہ قرار دیا، اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایٹمی صلاحیت رکھنے والے دو ممالک کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو اپنی اشتعال انگیزیوں کا جوابدہ بنایا جانا ضروری ہے تاکہ وہ آئندہ ایسی حرکتوں سے باز رہے، ہم ایک ایسا شفاف نظام چاہتے ہیں جو مستقبل میں دہشتگرد حملوں کو روکے، اور اس کے لیے غیر جانبدار تحقیقات ناگزیر ہیں۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت، پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر اپنی داخلی ناکامیوں اور عام شہریوں پر مظالم کو چھپانا چاہتا ہے، اگر واقعی پاکستان میں دہشتگرد کیمپ موجود ہیں تو بھارت بین الاقوامی تفتیش کی پیشکش کو کیوں رد کر رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے شہری علاقوں، انفراسٹرکچر اور آبی ذخائر کو نشانہ بنایا ہے، جو جنگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ادھر دفاعی ذرائع کے مطابق، منگل اور بدھ کی درمیانی رات بھارتی فورسز نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے کوٹلی، مظفرآباد اور باغ سمیت پنجاب کے مریدکے اور احمدپور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
ان حملوں میں 2 مساجد شہید، جبکہ 2 بچوں سمیت 31 افراد شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
پاکستان نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے3 رافیل،ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 جنگی طیارے اور ایک جنگی ڈرون کو مار گرایا۔