اسلام آباد، مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں گشت کرنے والے بھارتی رافیل طیارے، پاک فضائیہ کے فوری اور مؤثر ردعمل کے باعث واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب ایک سنجیدہ اور نازک لمحہ اس وقت پیدا ہوا جب بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیارے جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں نمودار ہوئے، اگرچہ وہ بھارتی حدود سے باہر نہیں نکلے، مگر ان کی پرواز اشتعال انگیز اور حملہ آور عزائم کی غمازی کر رہی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے طیاروں کی موجودگی کو فوری طور پر نوٹ کیا اور تیزی سے اپنی نگرانی اور فضائی حکمت عملی کو فعال کر دیا۔
پاکستانی طیاروں کی پیشہ ورانہ ، فوری اور برق رفتار کارروائی نے بھارتی طیاروں کو حیرت اور گھبراہٹ میں مبتلا کر دیا، جس کے بعد وہ جلد ہی اپنی حدود میں واپس چلے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ نے دشمن کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھتے ہوئے بروقت فضائی طاقت کا مظاہرہ کیا، اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر دفاع کیا۔
سکیورٹی ذرائع نے دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کی افواج بھارتی مہم جوئی یا جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر رونما ہوا ہے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی کی فضا پائی جاتی ہے اور کسی بھی غیر ذمہ دارانہ قدم سے صورتحال کسی بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں نے بھارت کی ایسی حرکات کو غیر سنجیدہ اور خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا ہے، پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی فضائی اور زمینی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس اور اہل ہے، کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔