بھارت میں پیش آنے والے افسوسناک طیارہ حادثے پر پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ایک بیان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ سرحدوں سے ماورا ہو کر ہماری مشترکہ انسانیت کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی طیارہ حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت میں پیش آنے والا یہ واقعہ نہایت تکلیف دہ ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں بھارتی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ بھارتی طیارہ حادثے نے نہ صرف بھارت بلکہ خطے بھر میں رنج و غم کی فضا پیدا کر دی ہے، اور پاکستانی قیادت کا اظہارِ افسوس انسان دوستی اور ہمسائیگی کے جذبے کا مظہر ہے۔