بھارتی ڈرونز کی دراندازی ناکام، متعدد اسرائیلی ساختہ ڈرونز تباہ کردیے گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، بھارت کی پاکستان میں دراندازی کی کوششیں جاری ہیں، تاہم پاکستانی سکیورٹی فورسز نے پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں دشمن کے بھیجے گئے متعدد اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھارتی جاسوسی ڈرون تباہ کر دیے گئے۔

latest urdu news

پولیس کے مطابق والٹن روڈ لاہور میں صبح سے لے کر اب تک چار ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی کوشش تھی کہ حساس سکیورٹی ادارے کے دفتر کو نشانہ بنایا جائے، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی سے ڈرون گرادیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً 5 سے 6 فٹ لمبے ڈرون کو سرحد پار سے کنٹرول کیا جا رہا تھا، جسے سسٹم جام کر کے زمین بوس کیا گیا، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ عمارت کو معمولی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

راولپنڈی میں بھی ایک بھارتی ڈرون فوڈ اسٹریٹ کے قریب مار گرایا گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

اسی طرح چکوال کے علاقے تھانہ ڈھمن کی حدود میں دیوالیاں کے قریب ڈرون گرنے کی اطلاع ملی، جس کا ملبہ تحویل میں لے لیا گیا ہے، علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

ننکانہ صاحب کے گاؤں دھاروالی، گوجرانوالہ، گجرات کے گاؤں جھنڈ پیر، اور کھاریاں کے نواحی علاقے پیر جنڈ میں بھی بھارتی ڈرون مار گرائے گئے، جن میں سے کئی کی شناخت اسرائیلی ساختہ کے طور پر ہوئی ہے۔

بہاولپور میں کھوہ چاپو والا کے مقام پر ایک ڈرون گرنے کے بعد دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شیخوپورہ میں بھی پاکستان ایئر فورس نے دو بھارتی ڈرونز کو کامیابی سے گرایا۔ پہلا ڈرون گاؤں باہومان اور دوسرا نارنگ منڈی کے قریب گرا۔ دونوں کی ساخت اور رنگ ایک جیسے تھے۔

کراچی کے علاقوں ملیر، شرافی گوٹھ اور گلشن اقبال میں بھی دو ڈرون مار گرائے گئے، تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تاہم سندھ کے ضلع گھوٹکی میں واقع گاؤں سرفراز لغاری میں گرنے والے بھارتی ڈرون کی زد میں آ کر ایک کسان مختیار احمد جاں بحق اور اس کا والد ایدھن زخمی ہوگیا، ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کے مطابق یہ واقعہ کھنجو تھانے کی حدود میں پیش آیا، جو سرحد کے قریب واقع ہے، ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو بھارت کے علاقے پہلگام میں غیر ملکی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارت نے اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter