اسلام آباد، بھارتی فضائیہ کی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی میں بھارت کے کئی لڑاکا طیارے مختلف علاقوں میں گر کر تباہ ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان واقعات میں بھارتی پائلٹس کے زخمی یا لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک بھارتی جنگی طیارہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے گڈول کوکرناگ میں گرا، جہاں سے طیارے کی ایجکشن سیٹ برآمد ہوئی ہے، پائلٹ کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایک اور بھارتی طیارہ پامپور یا پلوامہ کے علاقے میں گرا، جس کے پائلٹس کو شدید زخمی حالت میں سری نگر کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
سکیورٹی حکام نے مزید بتایا کہ بھارت کا ایک اور طیارہ ضلع رام بن کے پنتھیال/رامسو کے علاقے میں تباہ ہوا، جبکہ زخمی پائلٹ کو آرمی اسپتال ادھم پور میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
تحصیل اکھنور کے بھردہ کلاں کے کھیتوں میں بھی ایک بھارتی جنگی طیارہ گرا، اس واقعے میں بھی دونوں پائلٹس زخمی ہوئے، جنہیں اکھنور کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاوہ ازیں، بھٹنڈہ کے علاقے میں بھی ایک بھارتی جنگی طیارہ تباہ ہوا۔
یاد رہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کی طرف سے کی گئی جارحیت کے جواب میں "آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ اس آپریشن میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 جنگی طیارے، جن میں 3 رافیل شامل تھے، تباہ کیے۔
پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں فضائی جنگ میں 6-0 کی برتری حاصل کی۔ پہلی بار بھارتی حکام کی طرف سے بھی بالواسطہ طور پر رافیل طیاروں کے نقصان کا اعتراف سامنے آیا ہے۔