بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکہ میں خطاب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن ، پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان واضح کر چکا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت اور وقار کا سرچشمہ ہیں اور یہ "برین ڈرین” نہیں بلکہ "برین گین” ہیں۔ ہماری ترقی اور خوشحالی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے جڑی ہوئی ہے، بیرون ملک پاکستانی وطن سے گہری عقیدت اور وابستگی رکھتے ہیں اور ہر ناگہانی آفت پر سب سے پہلے امداد کی اپیل پر لبیک کہتے ہیں۔

latest urdu news

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو "وشوا گرو” کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے لیکن عالمی سطح پر اس کی خفیہ ایجنسیوں کی ٹرانس نیشنل دہشتگرد سرگرمیاں تشویش کا باعث ہیں، جن کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل، قطر میں بھارتی نیول افسران کے معاملے اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت نے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور وسیع تر تنازع کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے، تاہم بھارت اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے۔ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسٹریٹجک قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی قیادت نے کئی جنگوں کو روکنے میں مدد دی، یہ ان کا دوسرا دورہ امریکا ہے جو پاک امریکا تعلقات میں نئی جہت کا مظہر ہے، اور اس کا مقصد تعلقات کو تعمیری اور پائیدار بنانا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ نہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے اور پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل نے غزہ میں جاری نسل کشی کو بدترین انسانی المیہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے عالمی و علاقائی مضمرات سنگین ہیں۔

انہوں نے افغانستان سے دہشتگرد تنظیموں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ دہشتگردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں ہوگی اور انہیں انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔

آخر میں انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر خبر کی تحقیق کرنی چاہیے تاکہ نادانی میں کسی کو نقصان نہ پہنچے۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter