راولپنڈی، پاک فوج کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔
انہوں نے "معرکہ بنیان مرصوص” اور مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ کسی بھی جارحیت یا پاکستانی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کا جواب فوری اور سخت انداز میں دیا جائے گا۔
اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستان کی سرزمین یا خودمختاری کو چیلنج کرے گا تو ہم پوری قوت سے اس کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اس لیے کسی بھی قسم کی کشیدگی خطے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اگر جنگ کی راہ اختیار کی گئی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے، اور عالمی طاقتیں خصوصاً امریکا، بھارت کی ناپسندیدہ پالیسیوں اور ایٹمی عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔
کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اس دیرینہ مسئلے کو اندرونی معاملہ قرار دے کر وہاں فوجی تسلط برقرار رکھے ہوئے ہے، اور کشمیری عوام کو مسلسل خوف و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل صرف کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بارہا بھارت کی عددی فوجی برتری کے باوجود عسکری میدان میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور آج بھی دفاعِ وطن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو اس لیے بھی تشویش ہے کہ حالیہ بحران میں امریکا نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا ہےاور اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکا اس دباؤ کو کس حد تک بھارت پر مؤثر طریقے سے ڈال سکتا ہے۔