بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پراکسی وار کر رہا ہے، حنیف عباسی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ ریلوے کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کو عظیم فتح ملی، ریلوے میں اصلاحات اور شفافیت اولین ترجیح ہے۔

لاہور: وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مسلسل پراکسی وار کر رہا ہے، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر ملک کا وقار بلند کیا ہے۔

latest urdu news

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح میں ریلوے کا کردار اہم ہے، اور اس شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف حالیہ کارروائی میں پاکستان کو عظیم کامیابی ملی، وزیراعظم اور فوجی قیادت کی حکمتِ عملی نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھارت اپنے زخم چاٹ رہا ہے، اور امریکہ کے صدر نے بھی پاکستانی فضائیہ کی کارروائی میں پانچ بھارتی طیارے گرائے جانے کا اعتراف کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب سفارت کاری سے پاکستان کے عالمی تعلقات میں بہتری آئی ہے، جبکہ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی سرگرمیاں انتہائی افسوسناک ہیں۔

حنیف عباسی نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے اور ملکی معیشت اب درست سمت میں جا رہی ہے۔

ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، اسٹیشنز اور ٹرینوں میں صفائی، شفافیت اور ہسپتالوں و اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ روہڑی سے کراچی تک ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب میں تمام ریلوے اسٹیشنز پر مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ریلوے کی بہتری کے لیے مکمل تعاون حاصل ہے اور ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter