سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ افغانستان سے روزانہ جھگڑوں سے بھارت خوش ہو گا۔ ان کے مطابق بھارت کی خواہش ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تلخیاں بڑھیں تاکہ وہ اس صورت حال سے سیاسی اور سٹریٹجک فائدہ حاصل کر سکے۔
خورشید قصوری نے کہا کہ وہ افغانستان پر حملوں سے خوش نہیں ہیں، لیکن موجودہ حالات میں پاکستان کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب ہمارے فوجی افسر اور جوان روزانہ شہید ہو رہے ہوں تو پاکستان کب تک صبر سے کام لیتا رہے گا۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان تنازع کو حل کرنے میں قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جیسے بااثر اسلامی ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ان ممالک کی ثالثی سے خطے میں امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔