141
گوجرانوالہ: پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق بھارت نے ایک اور بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا ہے جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے نتیجے میں 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے چناب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ریلا 2 روز بعد ہیڈ مرالہ پہنچنے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس صورت حال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے اور دریائے چناب سے ملحقہ دیہات اور بستیوں میں اعلانات شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور انخلا کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔