انڈیا نے پاکستان کے پاس کوئی چوائس نہیں چھوڑی تھی، اسحاق ڈار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے آج کی جوابی کارروائی اپنے دفاع میں کی ہے کیونکہ بھارت نے پاکستان کو کسی دوسرے راستے کا انتخاب نہیں دیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کے 35 شہری شہید ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستانی دفاعی نظام نے اب تک بھارت کے 80 ڈرونز مار گرائے ہیں۔

latest urdu news

انہوں نے بتایا کہ بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات مسلسل جاری تھے، جن میں نور خان، شور کوٹ اور سکھر کے ہوائی اڈوں پر حملے شامل ہیں۔

پاکستان نے ان حالات میں اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے جوابی کارروائی کی ہے، بھارت کی جارحانہ پالیسی کے جواب میں پاکستان نے آج "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” کے نام سے ایک منظم آپریشن کا آغاز کیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ایک طرف امن کی بات کرتا ہے اور دوسری طرف حملے کرتا ہے، جو سراسر منافقت پر مبنی رویہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا دفاعی آپریشن شروع کر دیا ہے اور اللہ کے فضل سے کامیابی پاکستان کا مقدر ہو گی۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر بھارت سرحدی خلاف ورزی کرے گا تو پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات ابھی تک کسی بھی سطح پر ثابت نہیں ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے صرف محدود اور ہدفی ردعمل دیا گیا ہےاور ان عناصر کو نشانہ بنایا گیا ہے جنہوں نے پاکستانی سرزمین پر حملہ کیا۔

دنیا تمام تر صورتحال کو دیکھ رہی ہے اور بھارت کی جانب سے کیے گئے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو رہے ہیں، جن میں کہا گیا تھا کہ 15 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter