راولپنڈی، پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے، افغان بھائیوں کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دیں اور بھارتی ایجنڈے کا حصہ نہ بنیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا کی جامعات سے آئے 2500 سے زائد طلبہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس خصوصی نشست میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج نے فضا کو حب الوطنی سے بھر دیا، طلبہ نے ”پاکستان زندہ باد“ اور ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے لگا کر جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی جارحانہ حکمت عملی کو پاکستان نے آہنی دیوار بن کر جواب دیا، 6 اور 7 مئی کو جن بھارتی ہوائی اڈوں سے طیارے اڑے، انہیں تباہ کر دیا گیا، جبکہ ہماری افواج نے کسی سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اس خطے میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، افغانستان کی اشرافیہ کو خرید کر پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افغان عوام ہمارے بھائی ہیں، لیکن وہ دہشتگردوں کو جگہ نہ دیں اور بھارت جیسے ملک سے مدد نہ مانگیں جو کشمیری بچیوں کی عزت پامال کرتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا فلک شگاف نعرہ بھی لگایا۔
یاد رہےکہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اس سے قبل بھی بھارت کی مداخلت اور افغانستان کے اندر دہشتگرد گروپوں کو دی جانے والی حمایت پر متعدد بار نشاندہی کر چکے ہیں، پاک فوج کی جانب سے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف بھرپور مؤقف اختیار کیا گیا ہے اور قومی سالمیت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔